پہلا ٹیسٹ میچ
٭جنوری 1955ء سے مارچ 1955ء کے دوران بھارت کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستان کی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سیریز میں بھارت کی قیادت ونومنکڈ نے اور پاکستان کی قیادت عبدالحفیظ کاردار نے کی۔
اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ یکم سے 4 جنوری 1955ء کے دوران ڈھاکا میں کھیلا گیا۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔یہ ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا۔ اس کے بعد بہاول پور، لاہور، پشاور اور کراچی میں چار مزید ٹیسٹ میچ کھیلے گئے مگر یہ چاروں ٹیسٹ میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے اور یوں یہ سیریز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئی۔
اس ٹیسٹ سیریز میں بہاول پور ٹیسٹ میں حنیف محمد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، ان کے علاوہ پاکستان کی جانب سے علیم الدین بھی سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بھارت کی جانب سے واحد سنچری پی آر امریگر نے اسکور کی۔