پاکستان کے ڈاک ٹکٹ
یکم اگست سے3 اگست 1995ء کے دوران اسلام آباد میں عالم اسلام کی خواتین ارکان پارلیمنٹ کی ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت پاکستان کی وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو نے کی۔ اس کانفرنس کے انعقاد کے موقع پرپاکستان کے محکمہ ڈاک نے تین خوب صورت ڈاک ٹکٹوں کا ایک سیٹ تیار کیا جن پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم خالدہ ضیا، پاکستان کی وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور ترکی کی وزیر اعظم ڈاکٹر تانسو چلر کے پورٹریٹ بنے تھے۔ مگر بعد ازاں بنگلہ دیش کے احتجاج پر خالدہ ضیا کا ٹکٹ واپس لے لیا گیا اور محض بے نظیر بھٹو اور تانسو چلر والے ٹکٹ ہی جاری کیے گئے۔ان دونوں ڈاک ٹکٹوں کی مالیت پانچ،پانچ روپے تھی اور ان کا ڈیزائن جاوید صدیقی نے تیار کیا تھا۔ ان ڈاک ٹکٹوں پر انگریزی میں AUGUST1-3,1995، دونوں وزرائے اعظم کے نام اورFIRST CONFERENCE OF WOMEN PARLIAMENTARIANS FROM MUSLIM COUNTRIES کے الفاظ لکھے تھے ۔