



الحمرا آرٹس سینٹر
٭22 اگست 1985ء کو لاہور میں پنجاب کے گورنر جنرل غلام جیلانی نے الحمرا آرٹس سینٹر کا افتتاح کیا۔ الحمرا آرٹس سینٹر جو دراصل لاہور آرٹس کونسل کا نیا روپ ہے جو 1949ء میں فنون لطیفہ اور ثقافت کے فروغ کے لئے قائم کیا گیا تھا۔اسی برس اس ادارے کو صوبائی حکومت نے ایک قطعۂ اراضی خریدنے کے لئے مالی امداد دی اور اس طرح جو قطعۂ زمین حاصل ہوااس پرالحمرا آرٹس سینٹر کی عظیم الشان عمارتیں تعمیر ہوئیں۔ اس ادارے کو 1960ء تک ایک نجی انتظامیہ چلاتی رہی۔جب جنرل غلام جیلانی پنجاب کے گورنر بنے تو انہوں نے اس آرٹس کونسل پر خصوصی توجہ دی اور یہاں ایک باقاعدہ کمپلیکس بنانے کی پروجیکٹ کی منظوری دی۔ اس کمپلیکس کا ڈیزائن معروف آرکیٹیکٹ نیر علی دادا نے تیار کیا۔ اس کمپلیکس میں دو تھیٹرز، ایک میوزک تھیٹر،آرٹ گیلری، میوزک اکیڈمی اور ریکارڈنگ اسٹوڈیوز تعمیر کئے گئے ہیں۔