

امیر الٰہی
٭28 دسمبر 1980ء کو پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر امیر الٰہی کراچی میں وفات پاگئے۔ وہ قیام پاکستان کے بعد وفات پانے والے پاکستان کے پہلے ٹیسٹ کرکٹر تھے۔ امیر الٰہی نے مجموعی طور پر 6 ٹیسٹ میچ کھیلے ان ٹیسٹ میچوں میں سے پہلا ٹیسٹ میچ انہوں نے بھارت کی طرف سے اور بقیہ پانچ ٹیسٹ پاکستان کی طرف سے کھیلے تھے۔ وہ دنیا کے ان معدودے چند کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں ٹیسٹ کرکٹ میں دو ممالک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا۔
امیر الٰہی یکم ستمبر 1908ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ امیر الٰہی نے بھارت کی طرف سے واحد ٹیسٹ میچ 39 سال 102 دن کی عمر میں کھیلا تھا۔ اس ٹیسٹ میں انہوں نے 17 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے 5 ٹیسٹ میچوں میں 65 رنز اسکور کئے اور 7وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی جانب سے کھیلے جانے والے ان کے آخری ٹیسٹ کے آخری دن ان کی عمر 44 سال 105 دن تھی۔