> <

1949-03-30
3166 Views
 فاطمہ جناح میڈیکل کالج ٭30 مارچ 1949ء کو پاکستان کے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین نے لاہور میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج برائے خواتین کی رسم افتتاح انجام دی۔ اس موقع پر مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح بھی موجود تھیں۔ خواجہ ناظم الدین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج نہ صرف پاکستان میں بلکہ ساری دنیائے اسلام میں اپنی طرز کا پہلا ادارہ ہے۔ اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والوں کو چاہیے کہ وہ عملی زندگی  میں قدم رکھنے کے بعد فرض شناسی‘ بے لوث خدمت اور بلند خیالی کا ایک ایسا معیار قائم کریں جو اس کالج کے لیے نیک نامی کا موجب ہونے کے علاوہ پاکستان کے شایان شان روایات قائم کرنے کا باعث ہو۔  
1980-05-16
4067 Views
فیصل مسجد، اسلام آباد فیصل مسجد، اسلام آباد میں 16مئی 1980ء بمطابق یکم رجب المرجب 1400ھ کو پہلی نماز جمعہ ادا کی گئی جس کی امامت کے فرائض رابطہ عالم اسلام کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد علی الحرکان نے سر انجام دئیے۔ اُس وقت فیصل مسجد ابھی زیر تعمیر تھی۔ اس نماز جمعہ میں صدر پاکستان جنرل محمد ضیاء الحق، اسلامی وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے وزرائے خارجہ اور ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ فیصل مسجد میں نماز جمعہ کا باقاعدہ آغاز 28جنوری 1983ء کو مولانا حسین احمد حسان کی امامت میں ہوا تھا۔
1995-05-04
2290 Views
سپریم کورٹ آف پاکستان ٭4 مئی 1995ء کو وزیراعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی نئی عمارت کا باضابطہ افتتاح کیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اس عمارت میں دو برس پہلے منتقل ہوچکی تھی اور تب سے اب تک وہیں کام کررہی تھی۔ اس عمارت کا سنگ بنیاد محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہی اپنے پہلے دور حکومت میں 25 اکتوبر 1989ء کو رکھا تھا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کی خوب صورت اور پرشکوہ عمارت کا ڈیزائن جاپان کی مشہور آرکیٹیکچرل فرم میسرز کنیزو ٹانگے ایسوسی ایٹس نے تیار کیا تھا اور اسے پی پیک (پاکستان انوائرمینٹل پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچرل کنسلٹنٹس) کی نگرانی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اس عمارت کا کل کورڈ ایریا 3,39,861 مربع فٹ ہے۔  
UP