> <

2003-08-14
4105 Views
چشتی مجاہد پاکستان کے نامور کرکٹ کمنٹیٹر چشتی مجاہد 1944ء میں دہلی میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے کراچی گرامر اسکول، نیشنل کالج، کیمبرج اور مڈل ٹیمپل لندن سے تعلیم حاصل کی۔ کچھ دن کلب لیول کی کرکٹ بھی کھیلی۔ 1967ء میں ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کرکٹ کمنٹری کا آغاز کیا۔ پاکستان ٹیلی وژن نے تین مرتبہ بہترین کمنٹیٹر کا ایوارڈ اور حکومت پاکستان نے 14 اگست 2003 ء کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا ۔
2003-08-14
1830 Views
ذاکر حسین سید پاکستان کے معروف ہاکی کمنٹیٹر ، صحافی اور منتظم ذاکر حسین سید یکم نومبر 1939ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ حصول تعلیم کے بعد ذاکر حسین سید دو مرتبہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل رہے۔  یکم فروری 1973ء کو جب پہلی بار انہیں ڈی جی بنایا گیا تو وہ پی ایس بی کے سب سے کم عمر ڈائریکٹر جنرل تھے۔ مرحوم ایشین کرکٹ کونسل کے سیکریٹری اور ڈیولپمنٹ منیجر ایشیابھی رہے۔ انہوں نے 1989ء اور 1996ء میں پاکستان میں سیف گیمز کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ 1976ء میں قائداعظم کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر انہوں نے پاکستان میں ہاکی کا عالمی ٹورنامنٹ بھی کرایا۔ ملک میں پہلی بار انڈر16بین الصوبائی کھیلوں کے مقابلے متعارف کرانے بھی اعزاز انہیں حاصل تھا۔ان کے دور میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل کونسل میں ارکان کی تعداد میں توسیع کی گئی۔ ذاکر حسین سید نے 21 مارچ 2013ء کو اسلام آباد میں وفات پائی۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 2003 ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
2013-08-14
2053 Views
 منیر حسین پاکستان کے ممتاز صحافی اور کرکٹ کمنٹیٹر منیر حسین نومبر 1929ء میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اپنی پوری زندگی میں کرکٹ کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے  70  1969-میں بلوچستان کے ضلع قلات کی جانب سے ایک کرکٹ میچ بھی کھیلا تھا اور قائدِ اعظم ٹرافی کیلئے کوئٹہ کے خلاف دو وکٹیں لی تھیں۔ منیر حسین نے اردو میں کرکٹ کمنٹری کو متعارف کرایا اور اس کے بعد ہندی سمیت دیگر زبانوں میں کرکٹ کمنٹری کی روایت چل پڑی۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک کرکٹ کمنٹری کی۔ منیر حسین کھیلوں کی صحافت میں بھی ایک ممتاز مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے اردو زبان میں کرکٹ کے رسالے ’’اخبارِ وطن‘‘  کا اجرا کیا۔ اس کی رنگا رنگ تصاویر نے کرکٹ شائقین اور مداحوں میں زبردست پذیرائی حاصل کی۔ منیر حسین کو 1985 تا 1995 کے عشرے کیلئے بہترین اردو کمنٹیٹر کا بھی خطاب دیا گیا۔ اسی طرح پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ عطا کیا۔ 2002 میں ورلڈ کپ میں پاکستان کی فتح کے دس سال پورے ہونے پر انہیں لیجنڈز ایوارڈ سے نوازا گیا۔ منیر حسین نے 29 جولائی 2013ء کو کراچی میں وفات پائی۔ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں  14 اگست 2013 ء کو بعد از مرگ صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔
UP