11 Jul , 2001




استاد سلامت علی خان کی وفات
استاد سلامت علی خان ٭11 جولائی 2001ء کو پاکستان کے نامور کلاسیکی موسیقار اور گلوکار استاد سلامت علی خان لاہور میں وفات پاگئے۔ استاد سلامت علی خان 12 دسمبر 1934ء کو شام چوراسی ضلع ہوشیارپور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے بڑے بھائی استاد نزاکت علی خان کے ساتھ اپنے والد استاد ولایت علی خان سے موسیقی کی تربیت حاصل کی اور نہایت کم عمری میں ہندوستان گیر شہرت حاصل کی۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پہلے ملتان اور پھر لاہو رمیں اقامت اختیار کی۔ استاد سلامت علی کا گھرانہ دھرپد گائیکی کے لئے مشہور تھا لیکن استاد سلامت علی خان نے اپنے ایک بزرگ میاں کریم بخش مجذوب سے خیال گائیکی میں بھی اختصاص حاصل کیا۔ 1983ء میں استاد نزاکت علی خان کی وفات کے بعد استاد سلامت علی خان کی گائیکی کا سلسلہ خاصا کم ہوگیا تھا۔ حکومت پاکستان نے انہیں دو مرتبہ صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارۂ امتیاز عطا کیا تھا۔ استاد سلامت علی خان لاہور میں قبرستان اسکیم موڑ، ملتان روڈ میں آسودۂ خاک ہیں۔