> <

میثاق جمہوریت پر دستخط ہوئے

میثاق جمہوریت ٭14 مئی 2006ء کو پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور سابق وزرائے اعظم میاں محمد نواز شریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے لندن میں ایک 36 نکاتی معاہدے پر دستخط کئے جسے چارٹر آف ڈیمو کریسی یا میثاق جمہوریت کا نام دیا گیا تھا۔ یہ معاہدہ ایک تفصیلی دستاویز تھا جس میں ملک کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے ان تمام پہلوئوں کا احاطہ کیا گیا تھا جو ملک کو جمہوریت کی طرف لے جانے میں رکاوٹ بنے رہے۔ اس معاہدے میں یہ عہد کیا گیا کہ ملک کی دونوں بڑی جماعتیں آئندہ انتخابات کی صورت میں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کریں گی‘ اگر ایک جماعت انتخاب جیت جاتی ہے تو دوسری اس کو غیر مستحکم نہیں کرے گی‘ اسی طرح برسر اقتدار جماعت،حزب اختلاف کو اس کا احترام دے گی، اور قومی امور میں اس کی رائے کو شامل کرے گی۔دونوں رہنمائوں نے عہد کیا کہ وہ فوجی حکومت سے ڈیل نہیں کریں گے، نہ فوجی حکومت میں شامل ہوں گے۔ یہ بھی عہد کیا گیا کہ 1973ء کا آئین 12 اکتوبر 1999ء سے پہلے والی شکل میں بحال کیا جائے گا، اس میں مخلوط، انتخابات، اقلیتوں اور خواتین کے لئے ریزروسٹیس ہوں گی، گورنروں، سروسز چیفس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری وزیراعظم کریں گے اور ججوں کی تقرری ایک پینل کرے گا، جس کا رکن پی سی او کے تحت حلف لینے والا کوئی جج نہیں ہوگا۔  

UP