> <

پاکستان نے آسٹریلیشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیتا

آسٹریلیشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ٭22 اپریل 1994ء کو پاکستان نے بھارت کو 39 رنز سے شکست دے کر شارجہ میں منعقد ہونے والا تیسرا آسٹریلیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت کراس ٹورنامنٹ کو جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 6 ممالک کی کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل تھیں۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کرکے فائنل تک رسائی حاصل کی جہاں اس کا مقابلہ بھارت سے ہوا۔ پاکستان نے اپنی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 47.4 اوورز میں 211 رنز کے اسکور پر آئوٹ ہوگئی۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سلیم ملک نے کی۔اس ٹورنامنٹ میں عامر سہیل کو مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ انہوں نے آسٹریلیشیا کے چار میچوں میں کل 274 رنز بنائے تھے اس طرح ان کی اوسط 91.33 فی میچ رہی۔ اس ٹورنامنٹ میں صرف تین سنچریاں اسکور ہوئیں اور یہ تینوں نیوزی لینڈ کے خلاف بنائی گئی۔ ان میں دو سنچریاں پاکستان کی طرف سے عامر سہیل اور انضمام الحق نے اسکور کیں جبکہ تیسری سنچری سری لنکا کی جانب سے گروسہنا نے بنائی۔ اس ٹورنامنٹ میں انضمام الحق نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنے دو ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ پاکستان سے قبل 1986ء اور 1990ء میں بھی یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کرچکا تھا۔ 1986ء میں اس نے جاوید میاں داد کے یادگار چھکے کی مدد سے بھارت کو شکست دی تھی جبکہ 1990ء کے فائنل میں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوا تھا۔  

UP