> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ انور سولنگی

انور سولنگی پاکستان ٹیلی وژن اور ریڈیو کے نامور اداکار انور سولنگی 1944ء میں نواب شاہ سندھ میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا انیس سو ستر میں ریڈیو پاکستان سے کی تاہم ان کی پہچان انیس سو چوہتر کے بعد پاکستان ٹیلی وژن کے مختلف ڈراموں میں ان کی اداکاری کو مقبولیت حاصل ہوئی۔ وہ پاکستان کے ان گنے چنے سینیئر اداکاروں میں سے ایک تھے جنہیں اپنے کردار میں ڈھل جانے کی صلاحیت حاصل تھی۔ انہوں نے ٹی وی اور ریڈیو پر پانچ سو کے قریب ڈراموں میں کام کیا جن میں سندھی اور اردو ڈرامے شامل ہیں۔ انور سولنگی کے مقبول ڈراموں میں رانی کی کہانی، چھوٹی سی دنیا، دیواریں، جنگل، ہوائیں اور ماروی شامل ہیں۔ یہ بات کم لوگ جانتے ہیں کہ انورسولنگی اداکار کے علاوہ کہانی کار اور شاعر بھی تھے اوران کی شاعری اور کہانیوں کا مجموعہ زہر بھرے پیالے کے عنوان سے شائع ہوا تھا۔ انور سولنگی کا انتقال 3 اپریل 2008ء کو کراچی میں ہوا اور انہیں سخی حسن کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں 14 اگست 2009 ء کو انھیں بعد از مرگ صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔

UP