> <

صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ اسد امانت علی خان

اسد امانت علی خان پاکستان کے نامور کلاسیکی گائیک اسد امانت علی خان کا تعلق موسیقی کے مشہور پٹیالہ گھرانے سے تھا۔ انہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد استاد امانت علی خان اور دادا استاد اختر حسین خان سے حاصل کی۔ اسد امانت علی خان نے اپنے چچا حامد علی خان کے ساتھ اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا اور ان دونوں کی جوڑی نے کلاسیکی گائیکی کو ایک نئی جہت دی۔ 1974ء میں استاد امانت علی خان کی اچانک وفات کے بعد اسد امانت علی خان نے ان کے گائے ہوئے خوب صورت نغموں خصوصاً ’’انشا جی اٹھو اب کوچ کرو‘‘ سے اپنی شہرت کے سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کلاسیکل، نیم کلاسیکل، گیت، غزلیں اور فلمی گانے گائے جو اپنے دلکشی اور سریلے پن کی وجہ سے زبان زدِ عام ہوئے۔ انہوں نے جن فلموں کو اپنی گائیکی سے سجایاان میں شمع محبت، سہیلی، انتخاب، شیشے کا گھر، زندگی، ابھی تو میں جوان ہوں، ترانہ، آئی لو یو اور آندھی اور طوفان کے نام شامل ہیں۔ اسد امانت علی ایک بہت اچھے سوز خواں بھی تھے اور خصوصاً میر مونس لکھنوی کا سلام ’’مجرئی خلق میں ان آنکھوں نے کیا کیا دیکھا‘‘ پڑھنے میں اختصاص رکھتے تھے۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 2006ء کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔

UP